اہم ترین روٹ پر چلنے والی جعفر ایکسپریس ٹرین دوسرے روز بھی معطل،مسافر پریشان

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ریلویز کے اہم ترین روٹس میں سے ایک پر چلنے والی جعفر ایکسپریس کی سروس دوسرے روز بھی معطل رہی ہے، جس کے باعث سینکڑوں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق “ناگزیر وجوہات” کی بنا پر ٹرین آپریشن روک دیا گیا ہے، تاہم ان وجوہات کی واضح سرکاری تفصیل ابھی تک جاری نہیں کی گئی۔ پشاور سے آنے والی ٹرین کو جیکب آباد اسٹیشن سے واپس بھیجنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

ٹرین کی بندش کے باعث مختلف ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کا رش بڑھ گیا، جبکہ متعدد مسافروں نے متبادل سفری ذرائع اختیار کر لیے۔

جفعر ایکسپریس کو کوئٹہ اور پشاور کے درمیان ایک اہم مسافر ٹرین سمجھا جاتا ہے، جو سندھ اور خیبرپختونخوا کے کئی بڑے شہروں سے گزرتی ہے۔ اس کی معطلی سے طلبہ، تاجروں اور سرکاری ملازمین سمیت بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے۔

متاثرہ مسافروں نے شکایت کی ہے کہ انہیں نہ صرف سفر میں تاخیر کا سامنا ہے بلکہ ٹکٹ ریفنڈ اور واضح معلومات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسائل حل ہوتے ہی ٹرین سروس بحال کر دی جائے گی، جبکہ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر سے پہلے ریلوے کی آفیشل معلومات کی تصدیق ضرور کریں۔

مزید خبریں

Back to top button