ایران کا ڈیجیٹل ڈیٹا کی ترسیل پر کنٹرول کے لیے نیا ادارہ بنانے کا اعلان

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اعلان کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں خطے میں ڈیجیٹل ڈیٹا کی ترسیل کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک نیا ادارہ قائم کرے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ مجوزہ ادارہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی نگرانی کے لیے قائم کیے گئے نظام کی طرز پر کام کرے گا۔
باقر قالیباف نے خطے کی حکومتوں، مالیاتی اداروں اور کمپنیوں کو خبردار کیا کہ وہ ایسے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا اداروں کو وسائل فراہم نہ کریں جو حملوں یا بچوں کے قتل میں معاونت کرتے ہیں۔
ایرانی حکام اس سے قبل بھی خبردار کر چکے ہیں کہ امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے اور حملوں کو مستقل طور پر روکنے کے لیے ایران اپنے اقدامات کا دائرہ وسیع کرسکتا ہے۔
ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ امریکا اور اس سے وابستہ انٹرنیٹ و ڈیٹا کمپنیوں کی معاونت کرنے والے علاقائی ممالک کو سخت ایرانی ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ ممالک پر زور دیا کہ وہ ایسی کمپنیوں کو مالی وسائل، حصص، زمین یا توانائی فراہم کرنے سے گریز کریں۔



