محرم الحرام: اوکاڑہ میں فول پروف سکیورٹی پلان، قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس کا اعلان

اوکاڑہ(وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے لائسنس ہولڈرز، منتظمین مجالس و جلوس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور فول پروف سکیورٹی انتظامات اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیح ہیں۔ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام لائسنس ہولڈرز اور منتظمین مجالس و جلوس مقررہ روٹس، اوقات کار اور حکومتی ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام محبت، رواداری، اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس لیے محرم الحرام کے دوران نظم و ضبط اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ قانون شکنی، اشتعال انگیزی یا امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر منتظمین مجالس و جلوس نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی

مزید خبریں

Back to top button