قومی اقتصادی کونسل کا آج ہونے والا اجلاس مؤخر، کل ہونے کا امکان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا آج ہونے والا اہم اجلاس اچانک موخر کر دیا گیا ہے، جس کے بعد آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور معاشی اہداف کی منظوری تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس کے شیڈول میں شامل نہیں تھا، جس کے باعث اب اس کے کل (منگل) کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آ سکی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کرنا تھی، جہاں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور اہم اقتصادی اہداف کی منظوری دی جانی تھی۔
اجلاس میں رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرامز پر بریفنگ اور وفاق و صوبوں کے درمیان بجٹ تقسیم سے متعلق فیصلے بھی ایجنڈے میں شامل تھے۔
اب اجلاس کے ملتوی ہونے کے بعد 2026-27 کے بجٹ کی تیاری اور منظوری کے شیڈول پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جبکہ بجٹ 10 جون کو پیش کیے جانے کا امکان برقرار ہے۔



