کراچی: میاں بیوی پر سفاکانہ تشدد کرنے والے 2 ملزمان گرفتار، واقعے کی لرزہ خیز تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے کہا ہے کہ اقبال مارکیٹ پولیس نے میاں بیوی پر بہیمانہ تشدد میں ملوث دو ملزمان کو مبینہ پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق دو روز قبل ولایت علی کالونی میں گھر کے اندر 45 سالہ فیروزہ اور ان کے شوہر 50 سالہ مرشد پر تیز دھار آلے اور پتھر سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے تھے اور اب بھی زیر علاج ہیں۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق رات گئے کارروائی کے دوران ملزم سہیل عرف اسلم کو زخمی حالت میں جبکہ اس کے ساتھی اکرم عرف لنگڑا کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور ان کے خلاف ڈکیتی، اسلحہ اور موٹرسائیکل چوری سمیت مختلف مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
تحقیقات کے مطابق متاثرہ خاتون نے کچھ عرصہ قبل اپنا مکان ملزم اکرم کو کرائے پر دیا تھا، تاہم کرائے اور یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی پر دونوں فریقین کے درمیان تنازع پیدا ہو گیا۔ خاتون نے بقایا جات کی ادائیگی تک کرایہ دار کا سامان گھر میں بند کر رکھا تھا، جس پر ملزم مشتعل ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اکرم نے اپنے بہنوئی سہیل عرف اسلم کے ساتھ مل کر میاں بیوی پر حملہ کیا اور تیز دھار آلے اور پتھر کے وار کرکے انہیں شدید زخمی کر دیا۔
پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر جائے وقوعہ سے حملے میں استعمال ہونے والا پتھر بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاندان کے بیٹے محمد شکیل کی مدعیت میں تھانہ اقبال مارکیٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



