وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کے گھر میں چوری

چنیوٹ(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کے آبائی گھر میں چوری کی واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم ملزمان قیمتی سینیٹری سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق چوروں نے وفاقی وزیر کے آبائی گھر کو اس وقت نشانہ بنایا جب گھر بند تھا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ قیصر احمد شیخ کی غیر موجودگی میں یہ رہائش گاہ عموماً بند رہتی ہے، جبکہ وہ حلقے کے دوروں کے دوران اسی گھر میں قیام کرتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نامعلوم ملزمان گھر میں نصب قیمتی سینیٹری فٹنگز اور دیگر سامان اتار کر لے گئے۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوری کی واردات نے علاقے میں سکیورٹی صورتحال پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔



