پنجاب حکومت کا بڑا ماحولیاتی اقدام، جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کا شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) حکومتِ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور جنگلاتی رقبے میں اضافہ کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازی خان فاریسٹ سرکل میں موجود خالی جنگلاتی اراضی پر 2 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کی شجرکاری کی جائے گی، جبکہ مجموعی طور پر 7 ہزار 249 ایکڑ خالی زمین کو سرسبز بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، سموگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ دریائی جنگلات پر غیر قانونی قبضوں کی روک تھام کے لیے خالی اراضی پر فوری شجرکاری کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان فاریسٹ سرکل پنجاب کے 57 فیصد دریائی جنگلات پر مشتمل ہے، اسی لیے اس علاقے کو منصوبے میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ منصوبہ ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ اور کوٹ ادو تک پھیلایا جائے گا۔
پراجیکٹ کے تحت آبپاشی کے جدید اور مؤثر نظام کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز بھی نصب کیے جائیں گے، جبکہ مقامی ماحول سے ہم آہنگ درختوں کی اقسام جیسے شیشم، کیکر، نیم، بیری اور شہتوت لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔
حکومتِ پنجاب کے مطابق اس اقدام سے کاربن اخراج میں کمی، سموگ کی شدت میں کمی اور گرمی کی لہر کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ صوبے میں ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے استحکام کو بھی فروغ ملے گا۔



