گلگت بلتستان انتخابات: مسلم لیگ (ق) کی انتخابی مہم میں تیزی، چودھری شجاعت کی عوام سے ٹریکٹر پر مہر لگانے کی اپیل

گلگت(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان مسلم لیگ (ق) نے چودھری شجاعت حسین کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں، جہاں پارٹی 10 امیدواروں کے ساتھ انتخابی میدان میں موجود ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کی نگرانی چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین کر رہے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم اور انتخابی اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے اپنے خصوصی پیغام میں عوام سے 7 جون کو ٹریکٹر کے انتخابی نشان پر مہر لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پارٹی کی خدمات عوام کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے دورِ حکومت میں گلگت بلتستان میں جدید انفراسٹرکچر، شاہراہوں، تعلیمی اداروں اور صحت کے شعبے میں نمایاں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، جن کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ انتخابی فیصلے نعروں یا وعدوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کی عملی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کی حب الوطنی، قومی خدمات اور آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پارٹی قیادت کے مطابق سکردو، گلگت اور دیگر علاقوں میں انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے اور کارکنان عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچانے میں مصروف ہیں۔



