شانگلہ میں المناک حادثہ، گھر کی چھت گرنے سے 6 بچے جاں بحق

شانگلہ(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں گھر کی چھت گرنے سے 6 بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی کو زندہ بچا لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ دلخراش واقعہ تحصیل الپوری کے علاقے رحیم آباد میں گزشتہ رات پیش آیا، جہاں ایک رہائشی مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔
حادثے کے نتیجے میں 7 بچے ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کے دوران 6 بچوں کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں، جبکہ ایک بچی کو زندہ اور بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ بچی کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے مشترکہ طور پر ملبہ ہٹانے کا عمل مکمل کیا، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ جاں بحق بچوں کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں اور مقامی آبادی نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔



