پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ ٹیکس فری ہونے کا امکان

لاہور (جانوڈاٹ پی کے\ ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کو ٹیکس فری رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ مختلف شعبوں میں ترقیاتی اخراجات اور عوامی فلاحی منصوبوں کیلئے بڑے فنڈز مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران پنجاب کی مجموعی ٹیکس وصولیاں تقریباً 712 ارب روپے تک رہنے کی توقع ہے۔ ٹیکس آمدن میں سب سے بڑا حصہ جی ایس ٹی آن سروسز کا ہوگا، جس سے 320 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسائز ڈیوٹی سے 128 ارب روپے، اسٹامپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس سے 90 ارب روپے، سیلز ٹیکس سے 82 ارب روپے جبکہ موٹر وہیکل ٹیکس سے 47 ارب روپے آمدن متوقع ہے۔

اسی طرح بجلی سے متعلق ٹیکسوں اور ڈیوٹیز سے 35.2 ارب روپے اور لینڈ ریونیو کی مد میں 1.7 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بجٹ تجاویز کے مطابق ٹرانسپورٹ اور مقامی حکومتوں کیلئے 550 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ کسانوں، طلبہ اور مزدوروں کیلئے جاری سبسڈی پروگرامز کو برقرار رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق کسانوں کو ٹریکٹرز، سولر ٹیوب ویلز، معیاری بیج، کھاد اور زرعی قرضوں پر سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ طلبہ کیلئے ہونہار اسکالرشپ پروگرام اور الیکٹرک بائیک اسکیم بھی جاری رکھی جائے گی۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کیلئے کم از کم 35 فیصد ترقیاتی فنڈز مختص رکھنے کی پالیسی بھی برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button