پنجاب میں عید تعطیلات کے بعد مارکیٹوں کے اوقات کار دوبارہ بحال

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے اختتام کے بعد پنجاب میں مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار پرانی پالیسی کے مطابق بحال کر دیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عید کے دوران دی گئی عارضی نرمی ختم ہو چکی ہے اور اب یکم جون کے بعد تمام کاروباری مراکز معمول کے اوقات کے مطابق رات 8 بجے بند ہوں گے۔

حکام کے مطابق یہ فیصلہ توانائی کے استعمال کو بہتر بنانے اور شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں تمام مارکیٹس، شاپنگ سینٹرز اور تجارتی مراکز مقررہ وقت کی پابندی کے پابند ہوں گے۔

تاہم فارمیسیاں، اسپتال، میڈیکل لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا اور وہ معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔

اسی طرح پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی اپنے روایتی اوقات کے مطابق کھلے رہیں گے، تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انتظامیہ نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے اوقات کار پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button