اوکاڑہ پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، 33 جرائم پیشہ عناصر گرفتار، منشیات اور اسلحہ برآمد


اوکاڑہ (جانوڈاٹ پی کے) اوکاڑہ پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 33 جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں 7 اشتہاری، 14 ٹارگٹڈ افینڈرز اور ایک عدالتی مفرور بھی شامل ہے۔ کارروائی کے دوران چور گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 4 لاکھ روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں نقدی اور 3 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔
پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ ان کے قبضے سے 213 لیٹر شراب اور 3 چالو بھٹیاں برآمد کرلی گئیں۔
علاوہ ازیں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 پسٹل اور گولیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔