کراچی میں ستمبر کی گرمی کا9سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) کراچی میں ستمبر کے دوران گرمی نے 9 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، شہر میں درجہ حرارت 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ نمی میں اضافے کے باعث ہیٹ انڈیکس کئی ڈگری زیادہ محسوس کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو کراچی کے سرکاری ویدر اسٹیشن پہلوان گوٹھ پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان و ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق ستمبر 2017 کے بعد کراچی میں اس ماہ کے دوران اتنا زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ نہیں ہوا تھا۔ 2017 میں ستمبر کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، یوں حالیہ درجہ حرارت نے 9 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ستمبر کے آغاز میں معتدل موسم کے بعد گزشتہ کئی روز سے کراچی میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہوا، جس کے باعث گرم اور مرطوب موسم کی صورتحال پیدا ہوئی۔

ماہرین کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والی گردش اور ال نینو کے فعال ہونے کو حالیہ گرمی کی شدت کی وجوہات میں شامل کیا جا رہا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے بدھ سے گرمی کی شدت میں کمی کی توقع ظاہر کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق کراچی میں ستمبر کے مہینے کا اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جو 30 ستمبر 1951 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button