لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ: ایئرپورٹس پر بلاجواز آف لوڈنگ غیر آئینی قرار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو بلاجواز آف لوڈ کرنے کے خلاف اہم اور دور رس نتائج کا حامل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسے آئینی تقاضوں، شفافیت اور شہری آزادیوں کے منافی قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری محمد عباس کی درخواست پر 12 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، جس میں سیالکوٹ ایئرپورٹ پر نائجیریا جانے والے شہری کو آف لوڈ کیے جانے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ بیرون ملک سفر کا حق آئین کے تحت بنیادی حق ہے اور اسے بلاجواز محدود نہیں کیا جا سکتا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ محض “فنڈز کی کمی” یا “مبہم سفری مقصد” جیسے عمومی جواز پر کسی شہری کو روکا نہیں جا سکتا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ کسی بھی مسافر کو آف لوڈ کرنے سے قبل تحریری اور ٹھوس وجوہات فراہم کرنا لازمی ہوگا، انٹرویو کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھا جائے گا اور متاثرہ مسافر کو تمام تفصیلات فوری فراہم کی جائیں گی۔

مزید کہا گیا کہ شہری محمد عباس کو آف لوڈ کرنا غیر قانونی اقدام تھا، اور وہ قانونی تقاضے پورے کر کے دوبارہ بیرون ملک سفر کے اہل ہیں۔ عدالت نے متاثرہ شہری کو ہرجانے کا حق بھی تسلیم کیا۔

یہ فیصلہ آئندہ ایسے تمام کیسز کے لیے اہم عدالتی نظیر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button