تھرپارکر پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے اور عیدالاضحیٰ سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس

تھرپارکر(جانوڈاٹ پی کے)قائم مقام ایس ایس پی تھرپارکر کی زیر صدارت ایس ایس پی آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران جنرل کیسز، رپورٹ شدہ سنگین جرائم، غیر رپورٹ شدہ کرائم، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف کارروائیوں، منشیات فروشوں، گٹکا اور ماوا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سمیت عیدالاضحیٰ کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

قائم مقام ایس ایس پی تھرپارکر نے کہا کہ منشیات فروشوں، جوا، سٹا اور دیگر منظم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے، جبکہ تمام مقدمات کی تفتیش بلا امتیاز میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کی جائے۔

اجلاس میں منشیات، گٹکا اور ماوا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق قانونی کارروائی جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔

قائم مقام ایس ایس پی نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام مقدمات کو بہتر انداز میں نمٹایا جائے اور ہر کیس میں پیشہ ورانہ تفتیش کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات، گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے گئے۔

قائم مقام ایس ایس پی تھرپارکر نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے تھرپارکر پولیس اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر، سماجی برائیوں اور معاشرہ دشمن سرگرمیوں کے خاتمے کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button