میکرون کی ازدواجی زندگی پر نئی کتاب، یورپی میڈیا میں بحث چھڑ گئی

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ برجیٹ میکرون کی ازدواجی زندگی سے متعلق ایک نئی کتاب نے یورپی سیاسی اور میڈیا حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایلیزی پیلس کے اندر ذاتی تعلقات، اندرونی کشیدگی اور حسد سے متعلق کئی باتیں سامنے لائی گئی ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
رپورٹ کے مطابق صدر اور خاتونِ اول کے درمیان تقریباً 25 سال کے عمر کے فرق کو بھی کتاب میں ایک اہم پہلو کے طور پر بیان کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ فرق ان کے تعلقات اور عوامی تاثر میں اکثر زیرِ بحث رہتا ہے۔
کتاب میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ برجیٹ میکرون بعض اوقات ایلیزی پیلس میں ملازمت کے لیے آنے والی خواتین کی تصاویر دیکھنے اور ان پر رائے دینے کی خواہش ظاہر کرتی تھیں، جسے مصنف نے سخت رویے سے تعبیر کیا ہے۔
اسی طرح کتاب میں صدر میکرون کی ذاتی زندگی اور مختلف افواہوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جنہیں ایمانوئل میکرون نے ماضی میں سختی سے مسترد کرتے ہوئے “بے بنیاد افواہیں” قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تمام دعوے ایک نئی سوانحی کتاب کا حصہ ہیں جس میں ایلیزی پیلس کے اندرونی ماحول اور سیاسی مشیروں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔



