وزیراعظم شہباز شریف دورہ چین پر روانہ ، سی پیک فیز 2 اور سرمایہ کاری پر اہم پیش رفت متوقع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف اپنے چار روزہ سرکاری دورۂ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو روانہ ہو گئے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڈ، وزیر آئی ٹی شیزا فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری سے ملاقات کریں گے جبکہ سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین تعاون کے فروغ کیلئے منعقدہ بزنس فورم میں شرکت بھی کریں گے۔ اس موقع پر مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

دورے کے دوران وزیراعظم معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کریں گے اور Alibaba Group کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے جہاں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے مملاقاتیں متوقع ہیں۔ وزیراعظم پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتوں کے علاوہ  چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز (CAAS) کا بھی دورہ کریں گے.

حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا، خصوصاً سی پیک فیز 2 کے تحت صنعتی، تجارتی اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

مزید خبریں

Back to top button