روزانہ 35 سپلیمنٹس! کم کارڈیشین کے انکشاف پر طبی ماہرین تشویش میں مبتلا

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین نے انکشاف کیا ہے کہ میں روزانہ مجموعی طور پر 35 غذائی سپلیمنٹس استعمال کرتی ہوں جنہیں دن میں 3 مرتبہ تقسیم کر کے لیتی ہوں۔
کم کارڈیشین نے یہ انکشاف ایمی پولر کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران کیا ہے۔
کم کارڈیشین نے بتایا ہے کہ زیادہ گولیاں لینے کے باعث میں ’پِل فیٹیگ‘ ( pill fatigue) یعنی تھکن محسوس کرتی ہوں، میں نے کچھ عرصے کے لیے فِش آئل لینا چھوڑ دیا تھا مگر خون کے ٹیسٹ میں کمی سامنے آنے کے بعد مجھے یہ کیپسولز دوبارہ شروع کرنا پڑے۔
ٹی وی اسٹار کے اس انکشاف پر صحت کے ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق غذائی سپلیمنٹس کا حد سے زیادہ استعمال جسم کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے اور اس سے جگر و گردوں کو نقصان، معدنیات کا عدم توازن اور زہریلے اثرات پیدا ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق خاص طور پر وٹامن اے، ڈی، ای اور کے زیادہ مقدار میں لینے سے جسم میں زہر (Acidity) پیدا ہو سکتا ہے کیونکہ یہ چکنائی میں حل ہو کر جسم میں جمع ہو جاتے ہیں، اسی طرح آئرن جیسی معدنیات کی زیادتی بھی معدے کی خرابی اور جگر کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سپلیمنٹس بعض ادویات کے اثر کو متاثر کر سکتے ہیں جس سے فالج اور دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پروسیسڈ خوراک اور اضافی سپلیمنٹس کے امتزاج سے جسم میں غذائی اجزاء کی حد سے زیادہ مقدار پہنچ سکتی ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔
طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ کسی بھی سپلیمنٹ کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں اور وقتاً فوقتاً ان کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ غیر ضروری یا نقصان دہ استعمال سے بچا جا سکے۔



