ماتلی میں ایس ٹی پی کا منشیات، اسپتالوں میں ادویات کی قلت اور بند اسکولوں کیخلاف احتجاج

ماتلی (رپورٹ: ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع بدین کے مختلف شہروں میں منشیات کے اڈوں کی موجودگی، سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت، بند پڑے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے اور ضلع بدین میں دل کے اسپتال کے قیام کے مطالبے کے لیے سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کی جانب سے پھلکارا چوک سے ریلی نکال کر بس اسٹاپ چوک پر دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مختلف شہروں کی طرف جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی، مظاہرے میں بڑی تعداد میں کارکنان اور شہری شریک ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر حکومت مخالف نعرے بازی کی، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں اسم مہندو، گل محمد شاہ، خالد مگسی، ذوالفقار شاہ، بابو جھیجو اور دیگر نے کہا کہ پورے سندھ میں منشیات کے اڈے سرعام چل رہے ہیں جبکہ پولیس صرف نمائشی کارروائیاں کرکے اپنی منتھلیاں بڑھانے میں مصروف ہے جس کے باعث نوجوان نسل تباہی کی طرف جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت کے باعث غریب اور بے سہارا مریض سخت مشکلات کا شکار ہیں جبکہ علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، رہنماؤں نے مزید کہا کہ سندھ بھر میں سینکڑوں اسکول بند پڑے ہونے کے باعث ہزاروں بچے تعلیم سے محروم ہیں اور ان کا مستقبل تاریکی میں دھکیلا جا رہا ہے، مظاہرین نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ منشیات کے اڈوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے، سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بند اسکولوں کو فوری طور پر کھولا جائے اور ضلع بدین میں دل کے اسپتال کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button