پرامن انداز میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں کسی رکاوٹ کو قبول نہیں کریں گے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے راستے بند کیے گئے، بہت ہوگیا اب یہ سب بند ہونا چاہیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے کہا کہ ہمارا پروگرام ہے اور پرامن انداز میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک چکری سے آنے کا معاملہ ہے تو پورا ملک ہمارا ہے ہم کہیں سے بھی سفر کر سکتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کی پارٹنرشپ انتہائی اہم ہے، ہر کوئی پاکستان کو سراہتا ہے، مشرق وسطیٰ میں امن کےلیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ امریکا، ایران جنگ سے ہر آدمی متاثر ہو رہا ہے، جتنا جلدی امن معاہدہ ہو اتنا اچھا ہے، دنیا تیسری جنگ عظیم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کی جانب سے جنگ بندی کی کوشش نہ ہوتی تو کیا کچھ ہوسکتا تھا، دنیا کی معیشت پہلے ہی کمزور ہے، دنیا کا عام آدمی بھی اب اس جنگ سے متاثر ہو رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللّٰہ نے 2026ء میں پاکستان کو یہ انعام دیا ہے، ہماری خارجہ پالیسی میں بھی چین ہمارا بہت قریبی اور دوست ملک ہے۔



