تھرپارکر میں دو مختلف مقامات پر خواتین کی مبینہ خودکشیوں کے افسوسناک واقعات، کمسن بچی بھی جاں بحق

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو افسوسناک واقعات میں دو خواتین نے مبینہ طور پر کنوؤں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی، جبکہ ایک واقعے میں پانچ سالہ بچی بھی جان کی بازی ہار گئی۔ دونوں واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں غم و افسوس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ پہلا واقعہ گاؤں کاکٹیہار رحملی میں پیش آیا جہاں 25 سالہ شائیقا زوجہ پرویز نے اپنی پانچ سالہ بیٹی فائزہ کے ہمراہ مبینہ طور پر گاؤں کے قریب واقع کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ مقامی ذرائع کے مطابق متوفیہ ماں اور بیٹی کا تعلق خاصخیلی برادری سے تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقامی افراد کی مدد سے دونوں کی لاشیں کنویں سے نکال کر تحویل میں لے لیں۔ ضروری قانونی کارروائی اور ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر اسے خودکشی کا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے تاکہ واقعے کے پس منظر اور ممکنہ محرکات کا تعین کیا جا سکے۔ دوسرا افسوسناک واقعہ چیلہار شہر کے قریب ہرو کی ڈھانی، تعلقہ مٹھی میں پیش آیا، جہاں شریمتی جمنا زوجہ اشوک کمار میگھواڑ نے مبینہ طور پر گاؤں کے قریب واقع کنویں میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو کنویں سے نکال کر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان دونوں افسوسناک واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے جبکہ مقامی شہریوں نے بڑھتے ہوئے خودکشی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button