پنجاب میں ائیر بیسز اور ائیرپورٹس کی سکیورٹی سخت، صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے پاک فضائیہ کے ائیر بیسز اور کمرشل ائیرپورٹس کی سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حساس فضائی تنصیبات کے اطراف 13 کلومیٹر کے دائرے میں مختلف سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں تاکہ فلائٹ آپریشنز کو محفوظ بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق یہ پابندیاں 30 روز کے لیے نافذ العمل ہوں گی اور ان کا اطلاق تمام ائیر بیسز اور کمرشل ائیرپورٹس کے گرد ہوگا۔ اس دوران کبوتر بازی، لیزر لائٹس کے استعمال اور آلائشیں پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ گوشت اور دیگر آلائشوں کی وجہ سے پرندے فضائی حدود کی طرف راغب ہوتے ہیں، جو پروازوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتے ہیں، اس لیے صفائی اور حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔



