وزیراعظم سے برطانوی قومی سلامتی مشیر کی ملاقات، تجارت، سکیورٹی اور سرمایہ کاری بڑھانے پرگفتگو

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ کو پاکستان کا دیرینہ اور تزویراتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے مضبوط، مثبت اور مستقبل پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول نے ملاقات کی اور اس موقع پر مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کے ایک دیرینہ اسٹریٹجک شراکت دار برطانیہ کے ساتھ مضبوط، مثبت اور مستقبل پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ ماہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی خوش گوار اور دوستانہ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا تھا۔

برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول نے علاقائی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری کردار، خصوصاً خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے برطانوی حکومت کی جانب سے پذیرائی کا اظہار کیا۔

انہوں نے حکومت پاکستان کی مؤثر معاشی اصلاحات پر وزیراعظم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور سیکریٹری نیشنل سیکیورٹی ڈویژن ساجد بلوچ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button