راجا پرویز اشرف نے انمول پنکی سے منسوب الزامات قومی اسمبلی میں اٹھا دئیے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ڈرگز کوئین انمول پنکی کے اپنے حوالے سے الزامات کا معاملہ قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی میں اٹھا دیا۔ بولے بے داغ سیاسی زندگی گزاری۔ بغیر تصدیق میرا نام لے کر میرے لیے مشکلات پیدا کی گئیں۔
کوکین کوئین انمول پنکی سے متعلق مبینہ الزامات اور سوشل میڈیا پر سیاسی رہنماؤں کے نام کے استعمال کا معاملہ قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی داخلہ میں پہنچ گیا۔ جیالے رہنما راجہ پرویز اشرف اپنا نام سوشل میڈیا پر اچھالے جانے کے بعد قومی اسمبلی میں وضاحتیں دیتے رہے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے راجہ پرویز اشرف کو تسلی دیتے ہوئے تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرا دی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ ایک وی لاگر کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اگر غلط معلومات پھیلائی جائیں تو قانون کے مطابق ایکشن ہونا چاہیے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ میں بھی اسی معاملے کی گونج رہی۔ خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے میں پتھر کے زمانے کے لوگ رکھے گئے ہیں۔ پولیس کے پاس بھی الزامات ثابت کرنے کے لیے کوئی لیبارٹری نہیں۔ لکھ کر دیتا ہوں پنکی 6 ماہ میں باہر آجائے گی۔ کمیٹی نے سندھ اور پنجاب پولیس کو انکوائری کا حکم دے دیا۔



