بلاول بھٹو 22 مئی کو شاہراہ بھٹو منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، ،ناصر حسین شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور معاونِ خصوصی برائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ قاسم نوید قمر نے بدھ کے روز زیرِ تکمیل شاہراہ بھٹو منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام، انٹرچینجز، ٹول پلازہ، لینڈ اسکیپنگ اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے منصوبے کی تکمیل، ٹریفک فلو، حفاظتی اقدامات اور افتتاحی انتظامات پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری 22 مئی کو شاہراہ بھٹو منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے جبکہ یہ منصوبہ کراچی کی جدید ٹرانسپورٹ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی شاندار اور جدید خطوط پر تعمیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کی تکمیل سے شہریوں کو سفری سہولیات میں نمایاں بہتری حاصل ہوگی اور شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان فاصلے کم ہونے کے ساتھ ٹریفک دباؤ میں بھی واضح کمی آئے گی۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے فعال ہونے سے گھنٹوں کا سفر چند منٹوں میں طے ہوسکے گا، جس سے شہریوں کے وقت اور ایندھن دونوں کی بچت ہوگی جبکہ صنعتی، تجارتی اور رہائشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی سمیت پورے سندھ میں بڑے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور وزیراعلیٰ سندھ خود تمام زیرِ تکمیل منصوبوں کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں تاکہ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوام کو جدید اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر قاسم نوید قمر نے کہا کہ شاہراہ بھٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کیا جانے والا اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اسی طرز کے مزید ترقیاتی منصوبے متعارف کروائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری، تجارتی اور معاشی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو منصوبہ کراچی کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا اور اس سے شہر کے انفراسٹرکچر میں جدیدیت آئے گی جبکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ دورے کے دوران حکام نے بتایا کہ منصوبے کے مختلف حصوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور افتتاح سے قبل تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔



