سندھ حکومت کا کراچی میں ہیوی وہیکل ٹرمینل اور بڑے ٹرانسپورٹ منصوبوں کی منظوری کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹرکوں، ٹرالرز اور دیگر ہیوی لوڈنگ گاڑیوں کے لیے شہر سے باہر نادرن بائی پاس پر جدید ٹرمینل قائم کیا جائے گا۔
اجلاس میں کراچی پورٹ کو مجوزہ ٹرمینل سے ملانے کے لیے خصوصی ہیوی وہیکل ٹریک کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی تاکہ بندرگاہ سے ٹریفک کو براہِ راست شہر سے باہر منتقل کیا جا سکے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق اس منصوبے سے کراچی میں بھاری ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی اور ٹرانسپورٹ نظام بہتر ہوگا۔
اجلاس میں کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں شہری ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے جن میں ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز، 500 ای وی بسوں کی خریداری اور مختلف روٹس پر چلانے کی منظوری شامل ہے۔
اس کے علاوہ کراچی کے لیے 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں خریدنے، خواتین کے لیے 500 پنک ای وی اسکوٹیز مزید فراہم کرنے اور صوبے میں ای وی بسوں کے لیے 5 جدید ڈیپوز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں حیدرآباد میں پارکنگ پلازہ کی منظوری اور آئندہ تمام ٹریفک سگنلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔



