پہلے ہمیں گیس دیں پھر کسی اورکودیں!وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کی بندش کا مسئلہ حل کیا جائے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وزیراعظم خط لکھا جس میں کہا گیا کہ صوبہ تقریباً 494 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرتا ہے جبکہ سی این جی سیکٹرکو 36 سے40 ایم ایم سی ایف ڈی گیس درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 158 کے تحت گیس پیدا کرنے والے صوبے کو گیس استعمال کا پہلا حق ہے، خیبرپختونخوا کو آئینی حق سے محروم نہ کیا جائے، وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ بھی سی این جی اسٹیشنز کی بندش کو غیر منصفانہ قرار دے چکی ہے۔سہیل آفریدی نے خط میں کہا کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس بندش سےصوبے میں مسائل پیدا ہونے اور ہزاروں افراد کے روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔



