یورپی یونین پاکستان کا مضبوط تجارتی شراکت دار ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک اہم اور مضبوط تجارتی شراکت دار ہے، پاکستان یورپی ممالک کے ساتھ اقتصادی اور سفارتی روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور کروشیا کے وزیر خارجہ کی مشترکہ صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی و عالمی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اسحاق ڈار نے کروشین وزیر خارجہ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے متعلق بریفنگ بھی دی۔
اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا یہ ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، دورے کی دعوت دینے پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کا اہم موقع ملا ہے۔
کروشین وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں، جبکہ موجودہ دور میں دنیا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون اور مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔



