پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں بڑی پیشرفت، عالمی درجہ بندی میں 30 فیصد بہتری، پورٹ قاسم ٹاپ بندرگاہوں میں شامل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین میری ٹائم ٹاسک فورس افتخار احمد راؤ نے کہا ہے کہ پاکستان وسطی ایشیا تک رسائی کا اہم ذریعہ ہے، جبکہ بہتر کارکردگی کے باعث ملک کے میری ٹائم سیکٹر کی عالمی درجہ بندی میں 30 فیصد بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم کی میری ٹائم ٹاسک فورس کی کامیابیوں سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے افتخار احمد راؤ نے کہا کہ دنیا کی 80 فیصد تجارت سمندری راستوں سے ہوتی ہے اور پاکستان خلیج کے ایک اہم ترین حصے پر واقع ہے، جو اسے عالمی تجارت میں اہم مقام دیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میری ٹائم ٹاسک فورس اگست 2024 میں قائم کی گئی تھی، جس نے متعلقہ اداروں کے حکام سے ملاقاتیں کرکے مسائل کا جائزہ لیا اور دسمبر میں وزیراعظم کو اپنی سفارشات پیش کیں۔

چیئرمین میری ٹائم ٹاسک فورس کے مطابق سفارشات پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے اجلاس باقاعدگی سے ہو رہے ہیں۔ کسٹمز حکام کی جانب سے مزید عملہ فراہم کیے جانے سے میری ٹائم آپریشنز میں بہتری آئی ہے۔

افتخار احمد راؤ نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر کی کارکردگی بہتر ہونے سے پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ملک اب عالمی رینکنگ میں 69ویں نمبر پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم دنیا کی پانچ بہترین عالمی بندرگاہوں میں شامل ہو گئی ہے، جبکہ شپنگ سیکٹر کی کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

چیئرمین میری ٹائم ٹاسک فورس نے کہا کہ بجٹ میں شپ بلڈنگ میٹریل کی خریداری پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا، جبکہ شپنگ سیکٹر میں کسٹمز ڈیوٹی پہلے ہی ختم کی جا چکی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شپ بریکنگ کے حوالے سے نیا قانون بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button