مہنگائی کے سائے میں مویشی منڈیاں آباد، بیوپاری پُر امید، شہری پریشان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) عیدالاضحیٰ 2026 کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں مویشی منڈیاں سج چکی ہیں جہاں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کا آغاز ہو چکا ہے۔

لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مویشی منڈیاں قائم ہو چکی ہیں، ان منڈیوں میں بیوپاری اپنے جانوروں کے ہمراہ ڈیرے ڈال چکے ہیں جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ منڈیوں کا رخ کر رہی ہے، منڈیاں عید کے تیسرے دن تک فعال رہیں گی۔

ضلعی انتظامیہ نے مویشی منڈیوں میں شہریوں کی سہولت اور جانوروں کی حفاظت کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔

ایک جانب بیوپاری اپنے خوبصورت اور صحت مند جانور لے کر منڈیوں میں پہنچ چکے ہیں تو دوسری طرف مہنگائی سے پریشان شہری مناسب قیمت پر جانور خریدنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

رواں برس جانوروں کی قیمتوں میں نمایاں اضافے نے عام آدمی کیلئے قربانی کی تیاریوں کو مشکل بنا دیا ہے، 50 ہزار روپے میں ملنے والا نارمل بکرا اب ایک لاکھ روپے سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ بڑے جانوروں کی قیمتیں بھی عام خریدار کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بیوپاری من مانے نرخ طلب کر رہے ہیں جس کے باعث قربانی کیلئے جانور خریدنے میں دشواری پیدا ہو رہی ہے، عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈیوں میں قیمتوں کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور عام آدمی بھی سنتِ ابراہیمی ادا کر سکے۔

دوسری طرف بیوپاری پُرامید ہیں کہ عید قریب آنے کے ساتھ خریداری میں مزید تیزی آئے گی اور ان کا کاروبار بہتر ہوگا، بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ چارے، ٹرانسپورٹ اور جانوروں کی دیکھ بھال کے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانا مجبوری بن چکی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ معاشی حالات اس سال عوام کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں، تاہم عیدالاضحیٰ کی مذہبی اور سماجی اہمیت کے باعث قربانی کا جذبہ بدستور قائم ہے اور ملک بھر کی مویشی منڈیاں اسی روایت کی عکاس ہیں۔

دریں اثناء ملک بھر میں قائم مویشی منڈیوں میں محکمہ لائیو سٹاک، ستھرا پنجاب اور ریسکیو 1122 کے کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ صفائی، طبی امداد اور ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے، جانوروں کو کانگو وائرس اور لمپی سکن بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی سپرے بھی کیا جا رہا ہے۔

ضلعی حکام کو صفائی، سکیورٹی، پارکنگ، پانی اور ٹریفک مینجمنٹ کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی صفائی اور سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت آلائشیں فوری اٹھانے، عارضی کلیکشن پوائنٹس قائم کرنے اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے کنٹرول رومز قائم کئے جا رہے ہیں۔

حکومت پنجاب نے مویشی منڈیوں اور بازاروں میں سکیورٹی سخت کرنے، سی سی ٹی وی اور ڈرون نگرانی بڑھانے جبکہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے خصوصی پولیس سکواڈ تعینات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button