کراچی میں منشیات سپلائی نیٹ ورک بے نقاب، 2 خواتین سمیت 5 ملزمان گرفتار،25 کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائی اور فروخت کرنے والے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران 2 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں شاکر نوید، عبدالمنان، نوید خالق اور دو خواتین فضیلہ اور ناہد شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور بعض میاں بیوی ہیں۔
کارروائی کے دوران 25 کلو سے زائد (تقریباً 25,200 گرام) اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کی گئی جس کی مالیت 50 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق منشیات کراچی کے پوش علاقوں میں سپلائی کی جانی تھی اور اس نیٹ ورک میں خواتین کو بھی استعمال کرنے کا منصوبہ تھا۔
پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔



