کراچی میں حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، بینک منیجر گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی کے دوران ایک بینک منیجر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے نجی مائیکرو فنانس بینک کے برانچ منیجر محمد ثاقب کو گرفتار کیا، جو ڈی ایچ اے کراچی کے علاقے بدر کمرشل میں تعینات تھا۔
حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے اہم ڈیجیٹل اور دستاویزی شواہد برآمد ہوئے ہیں، جن سے اربوں روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز میں سہولت کاری کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کو سہولت فراہم کرتا تھا اور ہر ایک کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن پر کمیشن وصول کرتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



