بدین میں پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیاں،16ملزم گرفتار

بدین(رپورٹر۔ایم۔آر گدی/جانو ڈاٹ کی کے)ضلع بدین میں پولیس کی مختلف ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران منشیات، دیسی شراب، گٹکے اور ایک چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرتے ہوئے مجموعی طور پر 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ متعدد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر منشیات فروشوں، گٹکہ سپلائرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران آئس، چرس، دیسی شراب اور گٹکے بڑی مقدار میں برآمد ہوئے، تھانہ بدین کی کارروائی میں آئس فروش ملزم کو گرفتار کرکے 6 گرام آئس برآمد کی گئی جبکہ دو مختلف مقامات پر دیسی شراب کی بھٹیوں پر چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 500 لٹر سے زائد دیسی شراب برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، اسی طرح چرس فروشوں کے خلاف کارروائی میں 305 گرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ تھانہ ٹنڈو باگو پولیس نے ایک چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی، تھانہ ٹنڈو غلام علی کی حدود میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 111 لٹر دیسی شراب برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا تاہم بعض ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تھانہ کڑیو گھنور میں 130 لٹر دیسی شراب برآمد کی گئی، تھانہ شہید فاضل راہو میں 250 لٹر دیسی شراب اور بڑی مقدار میں گٹکے برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، تھانہ تلہار میں گٹکہ فروش و روپوش ملزم کو گرفتار کرکے 450 گٹکے برآمد کیے گئے، تھانہ کھورواہ میں 800 گٹکے برآمد ہوئے، تھانہ راجو خانانی میں گٹکہ فروش ملزم کو گرفتار کیا گیا، تھانہ نندو میں تین ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ 38 لٹر دیسی شراب برآمد کی گئی جبکہ تھانہ کڈھن اور تھانہ پنگریو کی حدود میں بھی گٹکے اور دیسی شراب برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ضلع بدین میں پولیس کی یہ کارروائیاں منشیات اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف جاری ہیں جن کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور منشیات کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button