ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس، اجلاس میں وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور عید الاضحیٰ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول پمپس، ایل پی جی شاپس اور بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن کے تحت ضلع کو ہر طرح کی تجاوزات سے پاک کرنے کا سلسلہ تسلسل سے جاری رکھا جائے۔ انہوں مزید کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے اور سکولوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ سخت کی جائے۔ انہوں نے عطائیوں کے خلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں اور ان کے کیسز ڈرگ کورٹس کو بھجوائے جائیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے حوالے سے مویشی منڈیوں کے قیام اور غیر قانونی سیل پوائنٹس کے خلاف کاروائیوں کی ہدایت جاری کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button