تھرپارکر میں تعلیمی سہولیات اور بجٹ مسائل پر مشاورتی اجلاس،گرلزاسکولوں اورلیڈی ٹیچرز کی کمی پر تشویش

مٹھی(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)تھر ایجوکیشن الائنس اور ملالہ فنڈ کے تعاون سے پری بجٹ 2026-27 کے سلسلے میں سندھ میں تعلیم کی مالی معاونت، مسائل اور سفارشات پر ایک مشاورتی اجلاس مقامی نجی ہال میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ تعلیم تھرپارکر کے ضلعی و تعلقہ افسران، اسکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور چیمپین فار چینج نیٹ ورک کی لڑکیوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ ضلع تھرپارکر کے اسکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ریفارم سپورٹ یونٹ کی سالانہ سروے رپورٹ کے مطابق ضلع میں مجموعی طور پر 3899 اسکول موجود ہیں جن میں 3426 پرائمری، 116 ایلیمنٹری، 223 مڈل، 71 سیکنڈری اور 13 ہائر سیکنڈری اسکول شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے لیے الگ اسکولوں اور لیڈی ٹیچرز کی شدید کمی ہے جبکہ بیشتر اسکولوں میں واش روم، باؤنڈری وال اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے اسکول اسپیسیفک بجٹ کے تحت تھرپارکر کے لیے ایک ارب 16 کروڑ روپے مختص کیے گئے جبکہ 53 کروڑ 30 لاکھ روپے جاری بھی کیے جا چکے ہیں، تاہم فنڈز تاخیر سے ملنے اور ڈسٹرکٹ فنانس آفس کے عدم تعاون کے باعث یہ رقم ابھی تک استعمال نہیں ہو سکی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں یہ فنڈز بروقت جاری کیے جائیں تاکہ اسکولوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں ہیڈ ٹیچرز نے اسکول اسپیسیفک بجٹ کے استعمال کو مزید آسان بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
تھر ایجوکیشن الائنس کی پروجیکٹ منیجر صنم الطاف نے کہا کہ سندھ بھر میں پری بجٹ سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی بجٹ میں اضافہ، بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرنے، گرلز اسکولوں کے قیام، لیڈی ٹیچرز کی بھرتیوں، طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے ٹرانسپورٹ سہولت اور اسکول اسپیسیفک بجٹ کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سامنے آنے والی تجاویز متعلقہ حکام تک پہنچائی جائیں گی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری ارجن کمار، ڈپٹی ڈی ای او پرائمری محمد خان، ٹی ای اوز محمد صدیق دل، جواہر لال ترکیو، رابعہ اکبر، سشیلا کماری، ہیڈ ٹیچرز پدما کماری، راجیش کمار مورانی، پھولان اور دیگر اساتذہ و طالبات نے شرکت کی۔



