گلشن حضرت بلاول اور گلشنِ لطیف عوامی کالونی میں بنیادی سہولیات کا فقدان، مکینوں کا احتجاج

تھرپارکر/کراچی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) گلشن حضرت بلاول کالونی اور گلشنِ لطیف یوسی عوامی کالونی کے رہائشی بنیادی سہولیات کی شدید کمی کے باعث سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق پانی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کے بحران کے ساتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں، کھلے نالے اور گندگی عوام کے لیے عذاب بن چکے ہیں۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ خصوصاً گیس کے شدید بحران کے باعث مزدور طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جہاں کئی افراد اور ان کے بچے بغیر ناشتہ اور کھانے کے اسکولوں اور مزدوری پر جانے پر مجبور ہیں۔ علاقے میں مل ایریا ہونے کے باعث یہاں زیادہ تر مزدور اور غریب سندھی خاندان آباد ہیں، جو دن بھر محنت مزدوری کے بعد رات گرمی اور اندھیرے میں گزارنے پر مجبور ہیں۔
مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹاؤن چیئرمین اور یوسی چیئرمین نے علاقے کی ترقی کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے، جبکہ ترقیاتی فنڈز میں کرپشن کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ رہائشیوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے آخر اس علاقے کے مسائل کی تحقیقات کیوں نہیں کر رہے۔
علاقہ مکینوں نے مزید کہا کہ گیس اور بجلی کے بھاری بل غریب عوام کی استطاعت سے باہر ہیں، اس کے باوجود لوگ فاقہ کشی کرکے وقت پر بل ادا کرتے ہیں، لیکن ان کے مسائل حل نہیں کیے جا رہے۔
رہائشیوں نے حکومت، منتخب نمائندوں اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں گیس بحران، بجلی کی لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت، صفائی ستھرائی، ٹوٹی سڑکوں، نالوں اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



