تھانہ بصیرپور پولیس کا کریک ڈاؤن، دو خطرناک گینگز گرفتار

دیپالپور (وسیم احمد غوری/تحصیل رپورٹر/جانو ڈاٹ پی کے)تھانہ بصیرپور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فضلی اور بوٹی گینگ کے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضہ سے 12 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ، نقدی، موٹر سائیکلیں، بکرے اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق فضل عباس عرف فضلی کو اس کے ساتھیوں بلال اور صادق سمیت گرفتار کیا گیا جن کے قبضہ سے چار سولر پلیٹس، کریانہ کا سامان اور ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئی۔ دوسری کارروائی میں بوٹا عرف بوٹی کو اپنے ساتھیوں امجد اور راشد سمیت گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے قبضہ سے آٹھ بکرے اور تین موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ضلع بھر میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔



