خاوند کے ہاتھوں بیوی قتل، تنسیخ نکاح کا مقدمہ جان لیوا بن گیا

دیپالپور (وسیم احمد غوری/تحصیل رپورٹر/جانو ڈاٹ پی کے)نواحی گاؤں موضع جیٹھ پور میں گھریلو ناچاقی پر خاوند نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کر دیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلقیس بی بی نامی خاتون نے اپنے خاوند کرم بخش کی مبینہ مارپیٹ اور گھریلو تشدد سے تنگ آ کر مقامی عدالت میں تنسیخ نکاح کا مقدمہ دائر کر رکھا تھا اور وہ گزشتہ کچھ عرصہ سے اپنے والدین کے گھر مقیم تھی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ شب کرم بخش اپنے دو ساتھیوں شفقت اور غلام مصطفیٰ کے ہمراہ سسرال پہنچا جہاں ملزمان نے سوئی ہوئی بلقیس بی بی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ اہل خانہ نے زخمی خاتون کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال دیپالپور منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ڈھلیانہ پولیس نے مقتولہ کے ورثاء کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button