دیپالپور میں کھلے مین ہول میں خاتون 2سالہ بیٹی سمیت گر گئی

دیپالپور (وسیم احمد غوری/تحصیل رپورٹر/جانو ڈاٹ پی کے) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیپالپور کے سامنے کھلے مین ہول میں ایک خاتون اپنی دو سالہ بیٹی سمیت گر گئیں جنہیں مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت سیڑھی لگا کر بحفاظت نکال لیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون اپنی دو سالہ بیٹی کو ہمراہ لیے گزر رہی تھیں کہ مین ہول پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور تقریباً 15 فٹ گہرے گٹر میں جا گریں۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد موقع پر جمع ہو گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت سیڑھی لگا کر ماں اور بیٹی کو باہر نکال لیا۔ خوش قسمتی سے خاتون اور بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہیں اور انہیں معمولی خراشیں آئیں۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کھلے مین ہولز کو فوری طور پر ڈھانپا جائے تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد انتظامیہ نے میں ہول کو مرمت کر کے ڈھکن لگا دیا۔



