"بھلائی گلے پڑ گئی”ڈیپلو نزد پیسے مانگنے پر پیرسن پرقاتلانہ حملہ،پولیس خاموش

تھرپارکر (رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈیپلو کے قریب ایک شخص کو ضمانت میں دی گئی رقم واپس مانگنا مہنگا پڑ گیا۔ گاؤں لانڈھی کے رہائشی مزدور عرس پاڑھو نے عوامی پریس کلب کلوئی پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ضمانتی رقم کا مطالبہ کرنے پر اس پر لاٹھیوں سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا گیا، جبکہ پولیس این سی درج ہونے کے باوجود ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ احتجاج کے دوران عرس پاڑھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریباً تین لاکھ روپے کی ضمانت میں ضامن تھا۔ اس کے مطابق جب اس نے اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو مخالف فریق سے تعلق رکھنے والے سانوڻ پاڑھو نے اپنے ساتھیوں سمیت اس پر اچانک حملہ کردیا۔ متاثرہ شخص کے مطابق ملزمان نے لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے تشدد کرکے اسے شدید زخمی کردیا، جس کے باعث اس کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں جبکہ سر پھٹ جانے کے سبب ٹانکے بھی لگانا پڑے۔ عرس پاڑھو کا کہنا تھا کہ واقعے کے متعلق ڈیپلو تھانے میں این سی درج کرائی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود پولیس اب تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی، جس کے باعث ملزمان کھلے عام دھمکیاں دیتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان بااثر ہونے کی وجہ سے پولیس کارروائی سے گریز کررہی ہے، جبکہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں اور ان کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔ متاثرہ مزدور نے ایس ایس پی تھرپارکر اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button