محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام نجی سکول میں 289 طلبہ کے لیے فائر فائٹنگ ڈرل کا انعقاد

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام نجی سکول میں 289 طلبہ کے لیے فائر فائٹنگ ڈرل کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس نے نجی سکول میں ایک روزہ فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی ریسپانس ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ٹریننگ میں سکول کے مجموعی طور پر 289 طلبہ اور طالبات نے شرکت کی، جنہیں آگ لگنے کی صورت میں بچاؤ کے عملی طریقے سکھائے گئے۔ سول ڈیفنس کے انسٹرکٹرز نے طلبہ کو آگ کی اقسام، آگ بجھانے والے آلات کے استعمال اور عمارت کو بحفاظت خالی کرنے کے طریقے بتائے۔ ورکشاپ کے دوران طلبہ سے عملی مشقیں بھی کروائی گئیں تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں وہ اپنے اور دوسروں کے بچاؤ کا سبب بنایا جا سکے۔ سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد ہر شہری بالخصوص طلبہ کو ‘فرسٹ ریسپانڈر’ بنانا ہے۔ آج کی ٹریننگ میں 289 بچوں کو آگ بجھانے کی بنیادی مہارت سکھائی گئی ہے۔



