تھرپارکر:معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر شاندار ریلی،پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی /جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی جانب سے “معرکۂ حق” کے حوالے سے ضلع بھر میں 6 مئی سے 10 مئی 2026 تک پانچ روزہ تقریبات شاندار انداز میں منانے کے لیے دی گئی ہدایات پر مختلف تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں محکمۂ تعلیم تھرپارکر کی جانب سے “معرکۂ حق” اور “آپریشن بنیان المرصوص” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر وطن کے غازیوں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک تک ایک پروقار ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں محکمۂ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر پاک فوج سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری تھرپارکر نصراللہ ساہڑ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری تھرپارکر ارجن لال سوٹہڑ، غلام محمد محمدانی، ہدایت اللہ بچانی، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر پرائمری عطا الرحمان بجیر، نصیر کنبھر اور دیگر مقررین نے کہا کہ “معرکۂ حق” 10 مئی کے شہداء کی عظیم قربانیوں اور پاک فوج کے ساتھ قوم کی محبت کا عملی ثبوت ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے “آپریشن بنیان المرصوص” شروع کیا اور دشمن کو بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔



