بدین،کلہاڑیوں کے وار سے نوجوان قتل، ملزمان کی عدم گرفتاری پر ورثا کا شدید احتجاج

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے )کلہاڑیوں کے وار سے نوجوان قتل، ملزمان کی عدم گرفتاری پر ورثا کا شدید احتجاج، پنگریو جھڈو روڈ کئی گھنٹے بلاک پنگریو تھانے کی حدود گاؤں صدیق سولنگی میں 22 سالہ نوجوان شاہنواز سولنگی کو کلہاڑیوں کے وار کرکے بے دردی سے قتل کردیا گیا، جبکہ ایک نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کرکے لے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ملزمان کی عدم گرفتاری پر ورثا اور سولنگی برادری نے شدید احتجاج کیا۔بتایا جاتا ہے کہ زخمی نوجوان خون میں لت پت حالت میں گھر پہنچا، جہاں اس نے اپنے ورثا کو بتایا کہ اس پر حملہ کرنے والا منور علی ہسبانی ہے۔بعڈازاں نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پرپنگریوپولیس موقع پر پہنچی اور واقعے کی تفصیلات حاصل کیں، تاہم ورثا کی جانب سے ملزم کا نام ظاہر کرنے کے باوجود تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی، جبکہ مقدمہ بھی درج نہیں ہوسکا ہے۔ بعدازاں پولیس نے لاش کو تعلقہ اسپتال ٹنڈو باگو منتقل کیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف مقتول کے ورثا اور سولنگی برادری کے مردوں اور خواتین نے پنگریوجھڈو روڈپر خیرپور گمبو کے مقام پر لاش رکھ کر سخت گرمی میں صبح دس بجے سے دھرنا دیاہواہے۔ احتجاج کے باعث پنگریو جھڈو روڈ مکمل طور پر بلاک ہوگیا اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، جبکہ دونوں جانب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ احتجاجی مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے میڈیا کے سامنے الزام عائد کیا کہ ان کے نوجوان کو بے دردی سے قتل کیا گیا ہے، جبکہ ایک اور نوجوان کو اغوا کرکے لے جایا گیا ہے، لیکن اس واقعے کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا جارہا۔ مظاہرین نے آئی جی سندھ، ایس ایس پی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔خبرلکھے جانے تک دھرنا جاری تھا اور پولیس افسران اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات کررہے تھے

مزید خبریں

Back to top button