وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی قیادت کو پاکستان دورے کی دعوت

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت دے دی۔
نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف سے صدر یورپی کونسل اور صدر یورپی کمیشن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطح پر بڑھتے ہوئے باہمی روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط دونوں جانب کے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس فریم ورک کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس کے تحت مسلسل روابط جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔



