آبنائے ہرمز میں مال بردار جہاز پر پروجیکٹائل حملہ، 2 افراد زخمی


لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے اطلاع دی ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک مال بردار بحری جہاز کو نامعلوم سمت سے پروجیکٹائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
برطانوی میری ٹائم سیفٹی حکام کے مطابق حملے کے بعد مال بردار جہاز آبنائے ہرمز میں پھنس گیا، جبکہ جہاز پر موجود تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ واقعے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملے کی نوعیت و سمت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی کے مطابق واقعے کے نتیجے میں اب تک کسی ماحولیاتی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔