مٹھی میں “معرکۂ حق – بنیان المرصوص” کی سالانہ ریلی، پاک فوج کو بھرپور خراجِ تحسین

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) “معرکۂ حق” آپریشن “بنیان المرصوص” کی سالانہ یادگار کے سلسلے میں آج ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی اور ایس ایس پی تھرپارکر عبداللہ میمن کی قیادت میں ڈی سی آفس مٹھی سے ایک شاندار اور پروقار ریلی نکالی گئی۔
اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا کہ معرکۂ حق اور استحکامِ پاکستان کی تقریبات کا مقصد پاک فوج کی بہادری، قومی جذبے اور ملک سے وفاداری کو اجاگر کرنا ہے تاکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی کا جذبہ مزید مضبوط ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں قوم کو ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی اداروں، خصوصاً پاک فوج، نے ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنی مضبوط دفاعی صلاحیتوں اور اداروں کی مضبوطی کے باعث عالمی سطح پر اہم مقام حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، سول سوسائٹی، اساتذہ اور طلبہ مل کر ملک کے دفاع اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی تھرپارکر عبداللہ میمن نے کہا کہ 10 مئی 2025 کے بعد پاکستان عالمی سطح پر مزید مضبوط اور باوقار حیثیت کے ساتھ سامنے آیا ہے، جس سے ملک کے سفارتی تعلقات اور اہمیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ضلعی پولیس ہر وقت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے اور ایسی قومی تقریبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ عوام کی خدمت اور ملک کی سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ریلی میں شریک افراد نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے گئے۔ ریلی میں اساتذہ، افسران، ملازمین، طلبہ اور پولیس کے دستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ملک کی سلامتی، قومی یکجہتی اور پاک فوج کی قربانیوں پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔



