بھارت میں انوکھا واقعہ، لڑکی نے اپنی شادی کروانے کیلئے پولیس سے مدد مانگ لی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے جہاں لڑکی نے اپنی شادی کروانے کے لیے پولیس سے مدد مانگ لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے علاقے سرائے عنایت کی رہائشی مادھوری پٹیل نے پولیس کو درخواست جمع کروائی جس میں مؤقف اختیار کیا کہ گھر والے اخراجات بچانے کی خاطر شادی کروانے سے گریز کررہے ہیں۔
مادھوری پٹیل کا کہنا تھا کہ وہ شادی کرنا چاہتی ہے لیکن بھائی اور بہنوئی بار بار رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں اور اب تک شادی کے کئی رشتے ٹھکرا چکے ہیں۔
خاتون نے یہ الزام بھی لگایا کہ بھائی نے خاندان کی زمین اپنے نام منتقل کرلی ہے اور اب وہ شادی کی ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہیں ہے۔
مادھوری پٹیل نے اپنی درخواست میں اپنے والد، والدہ، بھائی اور بہنوئی کو نامزد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں گزشتہ 20 سال سے اکیلی رہ رہی ہوں اور اپنے اخراجات خود اُٹھا رہی ہوں۔
خاتون نے اپنے خاندان پر بدسلوکی کا الزام بھی لگایا اور بتایا کہ مجھے ذہنی اذیت کے ساتھ ساتھ جسمانی تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مادھوری پٹیل نے اپنی درخواست میں پولیس پر زور دیا ہے کہ کوئی مناسب آدمی تلاش کر کے، میری شادی کا انتظام کریں تاکہ میں عزت کے ساتھ رہ سکوں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔



