وروائي گاؤں کے متاثرین کو حتمی ادائیگی اور10تاریخ کو گھر خالی کرنے کا نوٹس

تھرپارکر (رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)تھرکول بلاک ون کی شنگھائی الیکٹرک اور سائنو سندھ ریسورسز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے تحصیل اسلام کوٹ کے اسسٹنٹ کمشنر/لینڈ ایکوزیشن آفیسر کو ایک اہم خط جاری کیا گیا ہے، جس میں وروائی گاؤں کے منصوبے سے متاثرہ افراد (PAPs) کے لیے حتمی ادائیگی اور گاؤں خالی کرنے سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔
خط کے مطابق26اپریل2026کو ہونے والے اسٹیک ہولڈرز اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں راہمون برادری اور دل، راوت اور حبیب پاڑے کی لنجا برادری کے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کے تمام ایکسپائرڈ پے آرڈرز/چیک دوبارہ جاری کر دیے گئے ہیں۔
خط میں ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ برادریوں کے معززین کو آگاہ کیا جائے کہ وہ 12 مئی 2026 کو اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر سے اپنی ادائیگی کی دستاویزات وصول کریں۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، انٹیلی جنس افسران اور سندھ کول اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔
مزید کہا گیا ہے کہ 26 اپریل کے اجلاس کے فیصلے کے مطابق وروائی گاؤں کے باقی متاثرہ خاندانوں کو 10 جون 2026 تک علاقہ خالی کرنا لازمی ہوگا تاکہ سی پیک سیکیورٹی کے حوالے سے عمل مکمل کیا جا سکے۔
واضح کیا گیا ہے کہ متاثرہ افراد 12 مئی کو معاوضہ وصول کریں یا نہ کریں، لیکن مقررہ مدت کے اندر علاقہ خالی کرنا ہر صورت لازمی ہوگا۔
یہ خط ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر چودھری اے قیوم کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جبکہ اس کی نقول سندھ حکومت کے محکمہ توانائی، کمشنر میرپورخاص، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر، ایس ایس پی تھرپارکر اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔



