ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے “معرکۂ حق” کے حوالے سے ریلی

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر مٹھی میں عالمی فلاحی ادارے ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے “معرکۂ حق ـ بنیانِ مرصوص” کے ایک سال مکمل ہونے اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے سلسلے میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 8 مئی 2026 کی صبح ادارے کے ڈسٹرکٹ فیلڈ آفیسر رحمت علی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں بڑی تعداد میں اسٹاف، رضاکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔ ریلی ہیلپنگ ہینڈ کے دفتر سے شروع ہوکر مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی مائی بھاگی چوک پہنچی۔
ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی گئی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع، امن اور قومی یکجہتی کے لیے پاک فوج کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رحمت علی نے کہا کہ “معرکۂ حق ـ بنیانِ مرصوص” قومی اتحاد، حب الوطنی اور اجتماعی جدوجہد کی علامت بن چکا ہے، اور ہر شہری کو ملک کی سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ریلی اپنے اختتام پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں پاکستان کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔



