سجاول میں منشیات فروشوں کا پولیس پر حملہ،فائرنگ،پتھراؤ،سرکاری گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے
پولیس نے47نامزد اور200سے زائد نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا

سجاول(جانوڈاٹ پی کے)سجاول میں دڑو کے قریب رٹا سومرو گاؤں میں منشیات فروشوں کی جانب سے پولیس پارٹی پر حملے کا مقدمہ دڑو تھانے پر درج کر لیا گیا ہے۔دڑو کے قریب رٹا سومرو گاؤں میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان کشیدگی کے بعد بڑا مقدمہ درج کر لیا گیا پولیس حکام کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران ملزموں اور ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا، پتھراؤ کیا اور فائرنگ بھی کی گئی۔ واقعے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پولیس موبائل گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 47 نامزد اور دو سو سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں دفعہ 147، 148، 149، 353، 427 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایس پی سجاول کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو رعایت نہیں دی جائے گی۔



